کراچی کے لینڈ مافیا نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا جعلی عدالتی آرڈر بنادیا

کراچی کے لینڈ مافیا نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا جعلی عدالتی آرڈر بنادیا جس پر عدالت عالیہ نے رجسٹرار کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔

نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کرائی ہے کہ جو درخواست مارچ میں نمٹا دی گئی تھی اس کا اگست میں جعلی فیصلہ بنادیا گیا جب کہ جعلی فیصلہ بنانے والا اقبال احمد کراچی کا مبینہ لینڈ مافیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارت سے ہجرت کرکے پاکستان آنے والے موسیٰ حاجی عمر نے 18 ایکڑ زمین غیر قانونی طور پر الاٹ کروائی، سن 2000 میں سندھ حکومت نے الاٹمنٹس منسوخ کردیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ موسیٰ عمر کی 2001 میں وفات کے بعد لینڈ مافیا کا رکن پرویز رئیس صدیقی پاور آف اٹارنی کی بنیاد پر زمین کا دعویدار بنا اور اب پرویز رئیس کے وصیت نامے کی بنیاد پر اقبال احمد اس زمین کا دعویدار ہے، سندھ ہائیکورٹ اقبال احمد کی درخواست مسترد کرچکی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی عدالتی حکم نامہ تیار کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے نیب سے تفصیلی رپورٹ طلب کی تھی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں