لاہور میں کمسن گھریلو ملازم بہن بھائیوں پر وحشیانہ تشدد، استری سے بھی داغا گیا

لاہور کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کمسن گھریلو ملازم بہن بھائی کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

کمسن بہن بھائی محسن اور ارم کو ان کے ماں باپ نے دو وقت کی روٹی کے لیے لاہور کے ایک شہری شاہد جنید کے گھر ملازم رکھوایا تھا لیکن شاہد اور اس کی بیوی اقراء رانا ان دونوں بہن بھائیوں کو بری طرح تشدد کا نشانہ بناتے رہے، معصوم بچوں کا پورا جسم زخموں سے چُور ہو گیا۔

محسن کے بازووں اور کمر سے اب بھی خون رس رہا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی ڈنڈوں اور چمچوں سے مارتے، دل نہ بھرتا تو جسم گرم استری سے داغ دیتے۔

بچے بھاگ کر ایک دکان میں پہنچے، کسی نے ان کی ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔

واقعہ پولیس حکام کے نوٹس میں آیا تو دونوں بچوں کو اسپتال منتقل کر کے ظالم میاں بیوی کو گرفتار کر لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چوہدری کا کہنا ہے کہ بچے مظفر گڑھ کے ایک گاؤں کے رہائشی ہیں، پولیس نے متاثرہ بچوں کے ماموں محمد احمد کی مدعیت میں اقدام قتل کا مقدمہ درج کر کے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا ہے۔

چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے دونوں بچوں کو تحویل میں لے کر بچوں کے والدین کے خلاف بھی اندراج مقدمہ کے لیے درخواست دےدی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں