کوئٹہ: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبد القدوس بزنجو کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق دوران ملاقات اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کے خلاف کھل کر تحفظات کا اظہار کیا، اس دوران چیئرمین سینیٹ اور وفد کے اراکین عبدالقدوس بزنجو کو مناتے رہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ صادق سنجرانی کی کوئٹہ میں عبدالقدوس بزنجو کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات تقریباً نصف گھنٹہ جاری رہی جس میں میں بی اے پی کے چیف آرگنائزر میر جان محمد جمالی بھی شریک رہے۔
اس موقع پر عبدالقدوس بزنجو کا گلہ تھا کہ 3 سال سے ہم مختلف معاملات پر احتجاج کرتے رہے ،کسی نے نہیں سنی۔
دوسری جانب صادق سنجرانی نے اسپیکر عبدالقدوس بزنجو سے دوران بات چیت کہا کہ ناراض اراکین کی وجہ سے پارٹی کو نقصان پہنچ رہا ہے، پارٹی کے اندرونی معاملات کو آپس میں مل بیٹھ کربھی حل کیا جاسکتا ہے۔
اسپیکر کا کہنا تھا کہ ناراض ارکان نے ہمیشہ مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی ہے،ہم پارٹی کے مفاد اور جمہوریت کی بقاء کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے،انہوں نے اصرار کیا کہ ہمارا ایجنڈا کسی کے خلاف نہیں بلکہ ان پالیسیوں کے خلاف ہے جس کی وجہ سے ہماری اور ووٹر زکی اہمیت کو تسلیم نہیں کیا جارہا۔
ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ اس دوران چیئرمین سینیٹ اور عبد القدوس بزنجو کے درمیان تقریبا15 منٹ ون ٹو ون ملاقات بھی ہوئی، ملاقات کے بعد عبد القدوس بزنجو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے ہمراہ اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں۔