کراچی: پولیس اہلکار نے فائرنگ کرکے ساتھی اہلکار اور اس کے دوست کو قتل کردیا۔
جی نیوز کے مطابق واقعہ کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں پیش آیا جہاں ملزم نے ہوٹل پر بیٹھے افراد پر فائرنگ کی جس سے دو افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ مرنے والوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
مقتول پولیس اہلکار وحید کے بھائی حنیف نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وحید اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) میں ہیڈ کانسٹیبل تھا اور نعیم اس کا خالہ زاد بھائی تھا۔
حنیف کا کہنا تھا کہ وحید اور نعیم اکثر شام میں اس علاقے میں ہوٹل پر بیٹھتے تھے، ملزم کانسٹیبل امجد نے ہوٹل پر آکر فائرنگ کی۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی کا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں تھا لہٰذا ملزم کے فائرنگ کی وجہ معلوم نہیں جب کہ مقتول وحید نے کبھی ملزم امجد کے بارے میں پہلے کوئی بات نہیں کی۔
پولیس کا کہنا ہےکہ واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں