طالبان نے مولوی عبدالکبیر کو افغانستان کا نائب وزیراعظم مقرر کردیا جبکہ صوبوں میں بھی اہم تعیناتیاں کی ہیں۔
طالبان کے ترجمان اور نائب وزیراطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق طالبان کے امیر ملا ہیبت اللہ اخونزادہ کی منظوری کے بعد کابینہ ارکان کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئے وزرا کے ساتھ ساتھ صوبوں میں بھی مختلف شعبوں میں تعیناتیاں کی گئی ہیں۔
ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق مولوی عبدالکبیر کو افغانستان کا نائب وزیر اعظم برائے سیاسی امور مقرر کیا گیا ہے۔
د نویو ټاکنو په اړه د اسلامي امارت اعلامیهhttps://t.co/roqjHnCSzW pic.twitter.com/jCbIz7UQXw
— Zabihullah (..ذبـــــیح الله م ) (@Zabehulah_M33) October 4, 2021
اس کے علاوہ ملا عبدالحمید اخوند وزیر برائے شہدا و معذورین ہوں گے جبکہ ان کے نائب ملا عبدالرزاق اخوند ہوں گے
مولوی سخاء اللہ نائب وزیر تعلیم ہوں گے جبکہ مولوی مطیع الحق کو ہلال احمر کا سربراہ اور سخت گیر رہنما ملا نور الدین ترابی کو ان کا نائب بنایا گیا ہے۔
مولوی عبد الرشید کو کابل کا ڈپٹی میئر بنایا گیا ہے، اس کے علاوہ بھی طالبان نے مختلف صوبوں میں بھی تعیناتیاں کی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ طالبان نے افغانستان کی عبوری کابینہ کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق ملا محمد حسن اخوند افغانستان کے عبوری وزیر اعظم جبکہ ملا عبدالغنی برادر اورمولوی عبدالسلام حنفی نائب وزرائے اعظم ہیں۔
اس کے علاوہ طالبان نے 33 رکنی کابینہ اور اہم شعبہ جات کے سربراہان کا اعلان کیا تھا۔