آریان کو گرفتار کرنے والے ممبئی نارکوٹکس بیورو کے ڈائریکٹر بھارتی اداکارہ کے شوہر نکلے

بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کو منشیات کیس میں گرفتار کرنے والے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے زونل ڈائریکٹر بھارت کی مراٹھی فلم انڈسٹری کی اداکارہ کرانتی ریڈکر کے شوہر نکلے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آریان خان کو منشیات کیس میں گرفتار کرنےوالے ممبئی نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈےبھارت کی مراٹھی فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ کرانتی ریڈکر کے شوہر ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کرانتی ریڈکر نے سمیر کے ہائی پروفائل منشیات کیس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنے شوہر پر بہت فخر ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں کرانتی ریڈکر نے اپنے شوہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سمیر ہمیشہ سے ایک محنتی انسان ہیں، وہ اپنے کیسز سے متعلق گھر میں بات بھی نہیں کرتے ۔

انہوں نے کہا کہ سمیر اپنی ذاتی زندگی کو اپنے کام کی وجہ سے قربان کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ اداکارہ نے سمیر وانکھیڈے سے 29 مارچ 2017 کو شادی کی جبکہ دونوں جڑواں بچوں کے والدین ہیں ، جو دسمبر 2018 میں پیدا ہوئے۔

واضح رہے کہ اتوار 3 اکتوبرکو بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مارا تھا اس دوران شاہ رخ کے بیٹے سمیت 8 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

4 اکتوبر کو انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے آریان کو 7 اکتوبر تک نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے حوالے کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں