اسلام آباد میں گرفتار ڈاکٹرز کو رہا نہ کیا تو کام بند کردینگے: ینگ ڈاکٹرز پنجاب

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر نے اسلام آباد میں احتجاج کے دوران گرفتار کیے جانے والے ڈاکٹروں کی فوری رہائی نہ ہونے کی صورت میں اسپتالوں میں کام بند کرنے کی دھمکی دے دی۔

پنجاب ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر دانش اعوان نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈاکٹروں پر آنسو گیس شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا، 20 ینگ ڈاکٹرز اس وقت اسلام آباد پولیس کی حراست میں ہیں۔

انہوں نے ڈاکٹرز کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر رات تک گرفتار ڈاکٹروں کو رہا نہ کیا گیا تو پورے پنجاب میں کل سے ہیلتھ سروسز منقطع اور پورے پاکستان میں احتجاج ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی سرکار نے ڈاکٹروں پر اس وقت بربریت کی جب مذاکراتی ٹیم اور ڈاکٹر فیصل سلطان کی میٹنگ جاری تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ینگ ڈاکٹرز نے پاکستان میڈیکل کمیشن کی عمارت کے سامنے این ایل ای امتحان کے خلاف احتجاج کیا تھا جس دوران پولیس اور ڈاکٹرز میں ہاتھا پائی ہوئی اور پولیس نے متعدد ڈاکٹرز کو حراست میں لے لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں