اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر آئی امریکا کی نائب سیکرٹری آف اسٹیٹ وینڈی شرمن نے قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف سے ملاقات کی ہے۔
امریکا کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن اور معید یوسف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی امور اور خطے میں بدلتی ہوئی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر معید یوسف کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو افغانستان کی نئی عبوری حکومت سے بات کرنے اور روابط قائم رکھنے کی ضرورت ہے۔
مشیر قومی سلامتی کا یہ بھی کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں خطے میں امن کیلئے خطرہ ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن رات گئے دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچی ہیں جہاں وہ پاکستان کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گی جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔