قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک 11ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے پہلے ایشین بیٹسمین بن گئے۔
39 سالہ شعیب ملک نے یہ سنگ میل جمعرات کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ کے دوران 26 رنز کی اننگز کھیل کر عبور کیا ۔ شعیب ملک کو میچ سے قبل 11 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے 12 رنز درکار تھے ۔
پاکستانی آل راؤنڈر یہ کارنامہ انجام دینے والے نہ صرف پہلے پاکستانی بلکہ ایشیائی کرکٹر بھی ہیں ، ان کو 11 ہزار رنز بنانے والا پہلا غیر کیریبیئن کرکٹر کہنا بھی غلط نہ ہوگا کیوں کہ شعیب ملک سے قبل یہ کارنامہ صرف 2 ویسٹ انڈین کرکٹرز نے ہی انجام دیا ہے۔
کرس گیل پہلے اور کیرون پولارڈ دوسرے نمبر پر ہیں، شعیب ملک مجموعی طور پر یہ سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے تیسرے کرکٹر ہیں۔
سن 1999 سے اب تک کرکٹ میں ایکٹیو رہنے والے شعیب ملک دنیا کے ان 2کرکٹرز میں سے ایک ہیں جنہوں نے 4 مختلف دہائیوں کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی ہے۔
441 پروفیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل کر شعیب ملک اس فارمیٹ میں پاکستان کے سب سے زیادہ تجربہ کار کھلاڑی بھی ہیں۔
وہ تینوں فارمیٹ کی پروفیشنل کرکٹ میں مجموعی طور پر 29 ہزار سے زائد رنز بناچکے ہیں۔