شاہ رخ نے بیٹے آریان کے لیے سلمان خان کو ہٹ اینڈ رن کیس میں بری کروانے والے وکیل امیت دیسائی کو ہائر کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان نے امیت دیسائی کے توسط سے آریان کی ضمانت کی درخواست دائر کی ہے جب کہ اس سے قبل ستیش مان شیندے نامی وکیل ضمانت کے کیس کی پیروی کررہے تھے۔
حال ہی میں ہوئی سماعت کے دوران نارکوٹکس کنٹرول بیور و (این سی بی) کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا تھا کہ این سی بی کو جواب جمع کروانے کے لیے کم از کم ایک ہفتے کا مزید وقت دیا جائے کیوں کہ منشیات کیس کی کئی ضمانتیں زیر التوا ہیں۔
این سی بی کے وکیل کے بیان پر جرح کرتے ہوئے امیت دیسائی کا کہنا تھا کہ آریان خان ایک ہفتے سے جیل میں ہیں، درخواست ضمانت کی سماعت کے لیے تحقیقات پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں ہے، میرا مؤقف ضمانت پر بحث کرنا نہیں بلکہ تاریخ پر بحث کرنا ہے۔
امیت دیسائی کا کہنا تھا کہ این سی بی کی انتظامی وجوہات کی بناء پر کسی کی آزادی کو روکا نہیں جاسکتا، ان کی تفتیش جاری رہ سکتی ہے اور جہاں تک آریان کا تعلق ہے تو ان کی سزا زیادہ سے زیادہ ایک سال ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ امیت دیسائی وہی وکیل ہیں جنہوں نے سلمان خان کو 2015 میں ہٹ اینڈ رن کیس میں بری کر دیا تھا۔
سلمان خان پر 2002 میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ ممبئی کی ایک سڑک پر شراب کے نشے میں دھت گاڑی چلارہے تھے، گاڑی پر کنٹرول کھودینے سے سلمان خان نے ایک شخص کو کچل دیااور وہ موقع سے فرار ہوگئے تھے۔