T20 ورلڈکپ کا میلہ بس کچھ ہی دنوں میں متحدہ عرب امارات میں سجنے جارہا ہے اور اس میلے سے قبل شائقین کرکٹ کو قومی ٹیم کے آفیشل ترانے کا بھی شدت سے انتظار ہے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر خبریں زیرِ گردش ہیں کہ ترانہ معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کی آواز میں سنا جاسکے گا۔
یہ دعویٰ سوشل میڈیا پر کچھ صارفین کی جانب سے کیا جارہا ہے جس کے مطابق ترانے کی ویڈیو میں کپتان بابر اعظم سمیت قومی کرکٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑی شامل ہوں گے۔
وقار نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ عاطف اسلم ٹی20 ورلڈ کپ کا آفیشل ترانہ گائیں گے اور بابر اعظم بھی اس کا حصہ ہوں گے۔
فلک شیر نامی صارف نے بتایا کہ ٹی 20 ورلڈکپ کا آفیشل ترانہ عاطف اسلم گائیں گے جس کی ویڈیو میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے متعدد کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
دیگر صارفین نے بھی دعویٰ کیا کہ اس خبر کی تصدیق ہوچکی ہے تاہم گلوکار عاطف اسلم کی جانب سے اس معاملے پر کوئی تبصرہ پیش نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلا جائے گا جس میں مجموعی طور پر 16 ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، ٹی ٹوئنٹی کا یہ میلہ 14 نومبر تک جاری رہے گا۔