وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان نئے ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے مشاورت مکمل ہو گئی۔
فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری پر مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ نئی تقرری کا پراسس شروع ہو چکا ہے، ایک بار پھر سول اور فوجی قیادت نے یہ ثابت کیا ہے کہ ملک کے استحکام، سالمیت اور ترقی کیلئے تمام ادارے متحد اور یکساں ہیں۔
وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان نئے DG ISI کی تقرری پر مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور نئ تقرری کا پراسس شروع ہو چکا ہے، ایک بار پھر سول اور فوجی قیادت نے یہ ثابت کیا ہے کہ ملک کے استحکام، سالمیت اور ترقی کیلئے تمام ادارے متحد اور یکساں ہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 13, 2021
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور عامر ڈوگر نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں کہا تھا کہ وزراعظم چاہتے تھے کہ افغانستان کی صورت حال کے باعث لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید مزید کچھ ماہ اپنے عہدے پر رہیں۔
عامر ڈوگر کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نےکابینہ میں کہاکہ آرمی چیف کے ساتھ مثالی تعلقات ہیں، ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے 3 سے 5 نام آئیں گے، ان 3 سے 5 ناموں میں سے وزیراعظم نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی منظوری دیں گے۔