کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے تیسر ٹاؤن میں غیرقانونی تعمیرات ختم کر کے پارک کو اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
تیسر ٹاؤن اسکیم 45 میں پارک کی زمین پر تعمیرات کے خلاف درخواست پر سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔
عدالت نے اسکیم 45 سے غیر قانونی تعمیرات ختم کر کے پارک کو فوری طور پر اصل صورت میں بحال کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ رفاہی مقاصد کے لیے مختص زمین کو کسی اور مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
عدالتی ناظر کی رپورٹ میں بھی پارک کی زمین پر غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کی گئی تھی۔
سندھ ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ پارک بحالی سے متعلق ایک ماہ میں رپورٹ عدالت میں جمع کروائی جائے۔
خیال رہے کہ تیسر ٹاؤن اسکیم 45 میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف میاں ٹرسٹ نے مفاد عامہ میں درخواست دائر کی تھی۔