امریکی ریاست ورجینیا میں 84 سالہ خریدار نے آن لائن دکھائے گئے گھرسے مشابہت نہ ہونے پر اسٹیٹ ایجنٹ کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔
غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست ورجینیا میں پیش آیا، جہاں 84 سالہ خریدار نے اسٹیٹ ایجنٹ کی جانب سے آن لائن دکھائے گئے گھر سے مشابہت نہ ہونے پر اس کی جان لے لی۔
پولیس کے مطابق 84 سالہ البرٹ بیگلیون نے ایک سنگل اسٹوری گھر سورن ارن نامی اسٹیٹ ایجنٹ کے ذریعے رواں ماہ کے آغاز میں ایک لاکھ 60 ہزار ڈالرز ( 2 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) میں آن لائن پسند کرکے خریدا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق البرٹ جب اس گھر میں منتقل ہوا تو وہ ناخوش تھا کیونکہ اسٹیٹ ایجنٹ نے جو گھر اسے آن لائن دکھایا تھا وہ ایسا نہیں تھا جس کے بعد اس نے اسٹیٹ ایجنٹ سے ملنے کا فیصلہ کیا اور اسے اپنے گھر بلایا۔
پولیس کے مطابق 8 اکتوبرکی شام 6 بجےکے قریب اس سنگل اسٹوری گھر پر پولیس کو بلایا گیا جہاں البرٹ بیگلیون نے پولیس کو بتایا کہ اس نے اسٹیٹ ایجنٹ کو گولی ماردی ہے۔
پولیس کے مطابق اس بیان کے فوراً بعد البرٹ نے گھرکا دروازہ بند کیا جس کے بعد فائرنگ کی آواز سنی گئی۔
پولیس جب اندر داخل ہوئی تو وہاں 41 سالہ اسٹیٹ ایجنٹ شدید زخمی حالت میں موجود تھا جب کہ پاس ہی البرٹ کی لاش بھی پڑی تھی جس نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی، بعد ازاں اسٹیٹ ایجنٹ بھی زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔