آل انڈیا تنظیم علمائے اسلام کے جنرل سیکرٹری اور بھارتی عالم مولانا شہاب الدین رضوی نے بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان ان دنوں منشیات کیس میں ممبئی کی سینٹرل جیل میں قید ہیں۔
آریان کی منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد بھارت میں اس وقت بحث سیاسی رنگ اختیار کرگئی ہے اور ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بیانات دیے ہیں۔
حال ہی میں بھارتی عالم دین مولانا شہاب الدین رضوی نے بھی آریان کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں مولانا شہاب الدین رضوی کا کہنا تھاکہ اگر شاہ رخ خان بیٹے آریان کو مدرسے میں پڑھاتے تو انہیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتا کیونکہ اسلام میں ہر قسم کے نشے کی ممانعت ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ فلم انڈسٹری کے لوگ اسلامی احکامات سے لاعلم ہیں، نشے کے حرام ہونے سے متعلق مدرسے میں پڑھایا اور سمجھایا بھی جاتا ہے۔
مولانا شہاب کا مزید کہنا تھاکہ اسلامی احکامات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اگر بچہ غلط صحبت میں پڑجائے تو اسے والدین پیار سے سمجھا کر صحیح راستے پر لانے کی کوشش کریں، اگر شاہ رخ خود مدرسے میں پڑھے ہوتے تو انہیں اس کا احساس ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان کو مدرسہ نہیں ملا تھا تو گھر کے قریب ہی مسجد کے امام سے رائے لے لیتے۔
خیال رہے کہ بھارتی ایجنسی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مار کر شاہ رخ کے بیٹے سمیت 8 افراد کو گرفتار کیا تھا۔