پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور بے نامی قبروں کا معاملہ ایک بار پھر اقوام متحدہ میں اٹھادیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب صائمہ سلیم نے ورکنگ گروپ مکالمے میں بھارتی مظالم بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ کشمیر میں چند برس کے دوران جبری گمشدہ افراد کی متعدد قبریں ملی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی بے حرمتی، غیر قانونی گرفتاریوں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ اب تک کی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ قابض بھارتی فورسز نے پہلے متاثرہ افراد کو اٹھایا اور پھر انہیں تشدد کا نشانہ بنا کر ماورائے عدالت قتل کردیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ جبری لاپتا افراد کے اہلخانہ کےلیے معاوضے کی ادائیگی میں اپنا کردار ادا کرے۔