اتحادیوں کی اکثریت کا اعتماد حاصل نہیں رہا تو خود چلا جاؤں گا، جام کمال

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ردعمل دیتے ہوئےکہا ہےکہ آپ کا یہ حق ہےکہ آپ اپنا حق استعمال کریں، ہماری حمایت میں کتنے لوگ ہیں فیصلہ چار ، پانچ دن میں ہوجائےگا۔

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ میرا گِلہ اپوزیشن سے تو بنتا نہیں،میرا مخلوط حکومت میں شامل نالاں لوگوں سے بھی گلہ نہیں، یہ سیاست کا حصہ ہے، یہ معاملات چلتے رہتے ہیں، ہم سے بہت لوگ خوش ہوسکتے ہیں اور بہت سارے ناراض بھی ہوسکتے ہیں۔”

جام کمال خان کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں وہ بات کرنی چاہیے جس پر 4 ماہ بعد تک کھڑے رہ سکیں، ہم اس سطح تک بات کریں کہ کل ہم اس کا دفاع بھی کر سکیں،کسی نے پوچھا لوگ آپ سے کیوں ناراض ہیں؟ تو میں نےکہا یہ سیاست کا حصہ ہے، سیاست میں کوئی کسی کو اغوا نہیں کرتا، ہرانسان آزاد ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ ہم نےکسی سےکوئی عداوت نہیں کی، ہم ناراض لوگوں سے معاملات بہتر کریں گے، اگر ہمارے اتحاد میں سے اکثریت کا اعتماد مجھےحاصل نہیں رہا تو میں خود چلا جاؤں گا، میرے لیے اگر ایوان میں 2 ووٹ بھی ملے تو فخر کی بات ہوگی، ان لوگوں کا شکرگزار ہوں جو میرے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ جام کمال کے خلاف آج بلوچستان اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی، 65 اراکین پر مشتمل بلوچستان اسمبلی کے 33 ارکان نے تحریک پیش کرنے کی حمایت کی، وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری 25 اکتوبرکو ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں