مصر سے تعلق رکھنے والے محمد اسماعیل کے پیٹ سے سکیورٹی معائنے سے بچنے کےلیے6 ماہ قبل نگلے جانے والے موبائل فون کو کامیاب آپریشن کے بعد نکال لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد اسماعیل کو پیٹ میں شدید درد کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا سی ٹی اسکین کیا گیا تو معلوم ہوا کہ ان کے پیٹ میں پلاسٹک کی تھیلی میں لپٹا ہوا ایک عدد موبائل فون موجود ہے۔
اسوان یونیورسٹی اسپتال کے ڈاکٹروں نے کامیاب سرجری کے بعد اسماعیل کے پیٹ سے 6 ماہ قبل نگلے جانے والے موبائل کو نکال لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسماعیل کا کہنا ہے کہ اس نے6 ماہ قبل سکیورٹی معائنے سے بچنے کےلیے یہ موبائل فون نگل لیا تھا۔
حیران کن بات یہ ہے کہ اسماعیل پہلے بھی کئی بار اسی طرح اپنا موبائل فون نگل چکا ہے، جب اسے بات کرنی ہوتی یا فون کو چارج کرنا ہوتا تو وہ موبائل کو اُگل دیتا لیکن اس بار ایسا نہ ہوا اور موبائل اس کے پیٹ میں ہی رہ گیا۔
تاہم اسماعیل کا کہنا ہے کہ کئی مہینوں تک موبائل کسی پریشانی کے بغیر اس کے پیٹ میں رہا لیکن چند روز قبل اسے شدید درد محسوس ہونے لگا جس کے بعد اس نے اسپتال جانے کا سوچا۔