اسلام آباد: وزیر ریلوے اعظم سواتی شوکاز نوٹس پر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوگئے۔
جی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی اور شاہ محمود جتوئی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے اعظم سواتی کو جاری نوٹس کے معاملے پر سماعت کی جس سلسلے میں وفاقی وزیر ذاتی طور پر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی نے اعظم سواتی کے وکیل سے کہا کہ شوکاز نوٹس کا جواب دیں جس پر معاون وکیل نے بتایا کہ اعظم سواتی کے وکیل علی ظفر شہرسے باہر ہیں لہٰذا شوکاز نوٹس کا جواب دینے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دی جائے۔
اس پر ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ ایک ماہ بہت زیادہ ہے، 10 دن کا وقت کافی ہے۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر کو شوکاز کا جواب دینے کے لیے 15 روز کی مہلت دے دی اور مزید سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر سینیٹ قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور میں وزیر ریلوے اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر یلغار کردی تھی اور الزام عائد کیا تھا کہ الیکشن کمیشن حکومت کا مذاق اڑا رہا ہے، اس نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔