ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی بھارت کیخلاف شاندار کارکردگی سے آسٹریلوی کرکٹرز بریڈ ہیڈن اور بریٹ لی بھی کافی متاثر نظر آئے۔
سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر بریٹ لی نے کہا کہ میں نے ایک روز قبل کہا تھا کہ مجھے لگتا ہے بھارت پاکستان کیخلاف باآسانی کامیابی حاصل کرلے گا لیکن پاکستان نے کمال بولنگ کی۔
بریٹ لی نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس شاندار فاسٹ بولرز ہیں، اس کے علاوہ ٹیم نے شاندار بیٹنگ کی، ٹاپ آرڈر نے ہی کام کردیا، ایک وکٹ نہیں گنوائی، بھارت کیخلاف پاکستان کی یہ شاندار فتح تھی۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن نے شاہین آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ زبردست بولر ہیں، آپ کو ایسا ہی کچھ درکار ہوتا ہے کہ ابتدائی 6 اوورز میں وکٹیں حاصل ہوں اور اس دن میچ میں ایسا ہی دیکھنے کو ملا۔
بریڈ ہیڈن کا کہنا تھا کہ پاکستان عام طور پر ایک جذباتی ٹیم ہے، دیکھنا ہے کہ وہ اس جیت کے بعد کس طرح اگلے میچ کیلئے واپس میدان میں آتی ہے۔
انہوں نے بیٹنگ آرڈر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری نظر میں رضوان بابر کا بھرپور ساتھ نبھا رہے ہیں، جہاں رضوان جارحانہ انداز اپناتے ہیں وہیں بابر کلاسیکل بیٹنگ کرتے ہیں، رضوان کی حکمتِ عملی کی وجہ سے بابر کو اننگز کو آگے بڑھانے کا موقع ملتا ہے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔