نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیم سن نے پاکستان کو ورلڈ کپ میں فیورٹ قرار دے دیا۔
شارجہ میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیم سن کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دورہ حکومت کی ہدایت پر ختم ہوا تھا، پاکستان اور نیوزی لینڈ بورڈز کے تعلقات اچھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو متاثر کن انداز میں شکست دی جس کے بعد پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ کی فیورٹ بن گئی ہے۔
کین ولیم سن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنی بولنگ کا ایڈوانٹج حاصل ہے جبکہ پاکستانی بولرز نے بھارت کی بیٹنگ لائن کو زیادہ اسکور نہیں کرنے دیا جو دیگر ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کرنے والی پاکستان ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اگلا ہدف دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر جانے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم سے ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ آج شام 7 بجے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔