پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرہ مند تنگی سائیکل پر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن اراکین کے درمیان مہنگائی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے شدید گرما گرمی دیکھنے میں آئی اور اپوزیشن نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر وزیراعظم کو آڑے ہاتھوں لیا۔
دوسری جانب ایوان بالا میں بھی گرما گرمی دیکھنے میں آئی اور پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ راتوں رات عوام پر شب خون مارا گیا اور ایوان کی کارروائی ایسے چل رہی ہے جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۔
اس کے جواب میں قائدِ ایوان وسیم شہزاد نے کہا کہ آئینہ اُن کو دکھایا تو بُرا مان گئے۔ بعدازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم شہزاد کا کہنا تھا کہ حکومت پیٹرول پر 35 روپے اپنی جیب سے دے رہی ہے۔
تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ ایوان بالا کی کارروائی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر احتجاجاً سائیکل پر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سینیٹر بہرہ مند تنگی سائیکل چلانے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کے ساتھ ایک اور شخص بھی موجود ہے جو انہیں گرنے سے بچانے کے لیے سائیکل کو تھامے ہوئے ان کے ساتھ ساتھ چل رہا ہے۔