بھارت کو سیمی فائنل میں پہنچانے کی ذمہ داری افغانستان کے کاندھوں پر آگئی

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی جنگ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں 6 ، 6 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ہر گروپ میں شامل ٹیمیں پانچ میچز کھیلیں گی اور 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

گروپ 1 کی ٹاپ ٹیم گروپ 2 کی دوسرے نمبر والی جبکہ گروپ 1 کی دوسرے نمبر والی ٹیم گروپ 2 کی ٹاپ ٹیم سے سیمی فائنل کھیلے گی۔

پاکستان گروپ 2 میں مسلسل 4 میچز جیت کر پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بناچکا ہے جبکہ گروپ کی 6 ٹیموں کو اپنا آخری میچ ابھی کھیلنا ہے، نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کی ریس سے باہر ہوگئے ہیں۔

جمعے کے روز پہلے نیوزی لینڈ نے نمیبیا اور پھر بھارت نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف شاندار فتح حاصل کی۔

گروپ 2 میں پاکستان 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نیوزی لینڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور افغانستان 4 پوائنٹس پر نیٹ رن ریٹ کم ہونے کی وجہ سے چوتھے نمبر پر ہے۔

بھارت نے اسکاٹ لینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دیکر گروپ 2 میں اپنا رن ریٹ پاکستان ،افغانستان اور نیوزی لینڈ سے بہتر کرلیا ہے۔

اب اگر بھارت کو سیمی فائنل میں جگہ بنانی ہے تو اسے افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 7 نومبر کو ہونے والے میچ میں افغانستان کی کامیابی کی دعا کرنی ہوگی اور اپنا 8 نومبر کو ہونے والا نمیبیا کے خلاف آخری میچ جیتنا ہوگا۔

اگر نیوزی لینڈ 7 نومبر کو افغانستان کو شکست دے دیتا ہے تو بھارت کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی تمام اُمیدوں پر پانی پڑ جائے گا۔

نیوزی لینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ گروپ 2 سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن جائے گی جبکہ بھارت اور افغانستان اپنی واپسی کی ٹکٹ کٹوائیں گے۔

اس کے علاوہ اگر افغانستان، نیوزی لینڈ کو شکست دینے میں کامیاب ہوگیا اور بھارت بھی نمیبیا کیخلاف اپنا میچ جیت گیا تو گروپ 2 میں بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان کے 6،6 پوائنٹس ہوجائیں گے اور بھارت بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر ممکنہ طور پر سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔

اس لیے اب بھارت کو سیمی فائنل میں پہنچانے کی ذمہ داری ایک طرح سے افغانستان کے کاندھوں پر آگئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے اپنا آخری میچ 7 نومبر کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں