ساہیوال میں بینک لوٹنے کی بڑی واردات کرنے والے چار ڈاکو مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے۔
ساہیوال کے مڈھالی روڈ پر چار ڈاکوؤں نے نجی بینک میں واردات کی، ڈاکو کالے رنگ کی گاڑی میں آئے اور بینک کے باہر کھڑے گارڈ کو اندر لے جاکر تشدد کا نشانہ بنایا۔
بینک ڈکیتی کے بعد ڈاکو ملتان روڈ کی طرف فرار ہوئے، ون فائیو پر اطلاع ملتے ہی پولیس نے ناکہ بندی کرلی اور یوسف والا میں پولیس اور ڈاکوؤں کا آمنا سامنا ہوا، اس دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں چار ڈاکو مارے گئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک تین ڈاکوؤں کی شناخت ریاض، ندیم اور اندراس کے نام سے ہوئی جب کہ ہلاک ہونے والے دو ڈاکو لاہور کے رہائشی تھے۔
پولیس نے ڈاکوؤں کی گاڑی سے لوٹے گئے 33 لاکھ روپے برآمد کرلیے۔