امریکا کے شہر نیویارک کے نئے منتخب ہونے والے میئر ایرک ایڈمز نے اپنی ابتدائی 3 تنخواہیں ڈالر کے بجائے ڈیجیٹل کرنسی ’بٹ کوائن‘ میں لینے کی خواہش ظاہر کردی۔
امریکی پولیس کے سابق کپتان ایرک ایڈمز کو رواں ہفتے ، موجودہ میئر بل ڈی بلاسیو کی جنوری میں مدت ملازمت کے اختتام پر عہدہ سنبھالنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
ایڈمز نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘جب میں میئر بنوں گا تو میں اپنے پہلے تین پے چیک بٹ کوائن میں لوں گا۔‘
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ وہ نیویارک کو کرپٹو کرنسی انڈسٹری کا مرکز بنانا چاہتے ہیں۔
ایرک ایڈمز سے قبل میامی کے میئر فرانسس سواریز نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ وہ دوبارہ منتخب ہونے کے بعد اپنا پہلی تنخواہ بٹ کوائن میں لیں گے۔
واضح رہے کہ ڈیموکریٹس کے ایڈمز منگل کو نیویارک کے میئر منتخب ہوئے جبکہ وہ اس شہر کے دوسرے سیاہ فام میئر بنیں گے۔
یاد رہے کہ کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قدر 2009 میں تخلیق ہونے کے بعد سے انتہائی اتار چڑھاؤ کا شکار ہے اور اس وقت ایک بٹ کوائن کی قدر 61082 امریکی ڈالر ہے۔