امریکی جریدے بلوم برگ کے بلینیئر انڈکس کے مطابق گاڑیاں بنانے والی مشہور امریکی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کے اثاثوں کی مالیت کم ہو کر 323 ارب ڈالر ہو گئی ہے۔
انڈکس کے مطابق ایلون مسک کے اثاثوں کی مالیت میں کمی ٹیسلا کے مالک کی جانب سے اپنی کمپنی کے 10 فیصد شیئرز کی ممکنہ فروخت سے متعلق بیان کے بعد واقع ہوئی ہے۔
بلوم برگ بلینیئر انڈکس کی تاریخ میں کسی بھی شخص یا کمپنی کے اثاثوں میں دو روز کے دوران ہونے والی یہ سب سے بڑی کمی ہے جبکہ ایمازون کے مالک جیف بیزوس اور ان کی اہلیہ مکینزی اسکاٹ کے درمیان 2019 میں ہونے والی علیحدگی کے نتیجے جیف بیزوس کے اثاثوں میں ہونے والی 36 ارب ڈالر کی کمی کے بعد ایک روز میں یہ سب سے بڑی کمی ہے۔
الیکٹرک کار بنانے والی کمپنی کے حصص کی مالیت 11.6 فیصد کم ہو کر 1026 ڈالر ہو گئی ہے اور کمپنی کے اثاثوں کی مارکیٹ قیمت 133 بلین ڈالر کم ہو گئی ہے جو کہ فورڈ موٹرز کی مارکیٹ ویلیو سے کہیں زیادہ ہے جبکہ پیر کے روز بھی ٹیسلا کے اثاثوں کی مالیت میں 60 ارب ڈالر کی کمی واقع ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر صارفین سے پوچھا تھا کہ امریکا کی جانب سے امیر ترین افراد پر ٹیکس بڑھائے جانے کے بعد کیا میں اپنی کمپنی کے 10 فیصد حصص فروخت کر دوں۔
ایلون مسک کے پوچھنے پر 58 فیصد افراد نے اپنے جواب میں انہیں حصص فروخت کرنے کا مشورہ دیا تھا۔