دبئی ائیر شو 2021 میں پاکستانی کمپنی نے 14 کروڑ 40 لاکھ اماراتی درہم (تقریباً 7 ارب روپے سے زائد) کا دفاعی معاہدہ حاصل کرلیا۔
خلیجی اخبارکے مطابق اماراتی وزارت دفاع نے نمائش کے چوتھے روز 7 بڑے دفاعی معاہدے کیے ہیں جن کی مالیت ساڑھے 22 ارب اماراتی درہم ہے۔
وزارت دفاع کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل سارہ حمد الحجری نے بتایا کے پاکستانی کمپنی ‘گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلیوشن’ (جی آئی ڈی ایس) کے ساتھ مختلف ہتھیاروں کی فراہمی کے لیے14کروڑ 40 لاکھ درہم کا معاہدہ ہوا ہے۔
لیفٹیننٹ کرنل سارہ حمد الحجری نے بتایا کہ اس کے علاوہ امریکی کمپنی ‘لاک ہیڈ مارٹن گلوبل انک ‘کے ساتھ ائیر فورس اور ائیر ڈیفنس کمانڈ سسٹمز کے لیے تکنیکی معاونت اور اسپیئر پارٹس کی خریداری کا بھی معاہدہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے علاوہ فرانسیسی کمپنی THALES کے ساتھ کمیونیکیشن سسٹم کے لیے تکنیکی معاونت اور مرمت کی خدمات کی فراہمی کے لیے بھی معاہدہ ہوا ہے، یہی کمپنی اماراتی فضائیہ کو تکنیکی مدد بھی فراہم کرے گی۔
لیفٹیننٹ کرنل سارہ الحجری نے بتایا کہ اس سے قبل ہونے والے دبئی ائیر شو کے 2019 کے ایڈیشن میں ہونے والے سودوں کی کل مالیت 18 ارب درہم تھی جب کہ 2021 کے ایڈیشن کے سودے صرف تیسرے روز ہی 20 ارب درہم سے تجاوز کرگئے ہیں۔
اماراتی حکام کا کہنا ہےکہ رواں سال کی نمائش عالمی سطح پر ہوابازی، ایرو اسپیس اور دفاعی شعبوں میں مشترکات کے حصول میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔