آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرول پمپس کی بندش کے معاملےکا نوٹس لے لیا۔
ترجمان اوگرا کے مطابق ڈیلرز مارجن میں اضافے کے حوالے سے چند عناصر پیٹرول کی سپلائی میں خلل ڈالنےکی کوشش کر رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق اوگرا نے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ تمام آؤٹ لیٹس پر پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیمیں فیلڈ میں صورت حال کو مانیٹر کریں گی،کسی بھی طرح سے سپلائی میں تعطل پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 25 نومبر سے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے، پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 25 نومبر صبح 6 بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی پیٹرول پمپس بند رہیں گے۔
پیٹرول پمپس بند ہونے کی خبر میڈیا پر آتے ہی شہریوں میں بے چینی پھیل گئی اور پمپس پر رش لگ گیا۔
دوسری جانب پی ایس او سمیت پاکستان میں ایندھن فراہم کرنے والی بڑی کمپنیوں شیل، ٹوٹل اور دیگر کے ترجمانوں کا کہنا ہے کہ کل ملک بھر میں کمپنی کے پیٹرول پمپ کھلے رہیں گے۔