صدر مملکت نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا آرڈیننس جاری کر دیا

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا آرڈیننس جاری کر دیا ۔

109 صفحات پر مشتل آرڈیننس کے مطابق اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور آئی ووٹنگ کا استعمال کیا جائے گا جبکہ بلدیاتی حکومت کے میئر کااسلام آبادکیپیٹل ٹیریٹری( آئی سی ٹی) سے براہ راست انتخاب ہوگا۔

صدارتی آرڈیننس کے مطابق آئی سی ٹی کی میٹروپولیٹن کارپوریشن ، نیبر ہیڈ کونسل ہو گی اور میٹروپولیٹن کارپوریشن میں آئی سی ٹی کے سوائے کنٹونمنٹ کے تمام علاقے ہوں گے جبکہ ہر نیبر ہیڈ کونسل کی آبادی 20ہزار ہو گی ۔

اس کے علاوہ اسلام آباد بلدیاتی حکومت کا براہ راست منتخب میئر ہو گا جبکہ اسلام آباد میں بلدیاتی حکومت اور نیبر ہیڈ کونسل کی مدت 4 سال ہو گی اور میئر اسلام آباد کی کابینہ 12 رکنی ہو گی۔

آرڈیننس کے مطابق آئی سی ٹی کونسل کے ارکان کی تعداد 70 ہو گی اور الیکشن میں حصہ لینے کے لیے امیدوار کی عمر 22 سال سے کم نہیں ہوگی جبکہ یوتھ ممبر کی عمر 18 سے 25 سال ہوگی۔

نیبر ہیڈ کونسل میں جنرل ممبر ، خواتین ،اقلیت، یوتھ اور بزرگ شہری شامل ہوں گے اس کے علاوہ آئی سی ٹی کونسل میں خواتین ،اقلیتی ارکان ، نوجوان ، تاجر ،لیبر کسان اور بزرگ شہری شامل ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں