‘ پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع میں فی لیٹر 99 پیسے کا اضافہ کابینہ سے منظوری کے بعد ہوگا’

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے منافع میں 99پیسے فی لیٹر اضافے کا اطلاق کابینہ سے منظوری کے بعد ہو گا

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مذاکرات کے بعد ہڑتال ختم ہو گئی ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں 99 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کریگی جبکہ اضافے کا اطلاق کابینہ سے منظوری کے بعد ہو گا ۔

حماد اظہر نے کہا کہ اس حوالے سے منظوری کےلیے سمری بھیج دی گئی ہے جبکہ 6 ماہ کے بعد ڈیلرز کے منافع میں 4.4فیصد تک اضافے کےلیے اقدامات کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے منافع میں اضافےکے لیے25 نومبر سے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

ہڑتال کے تحت ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کردیے گئے تھے جس کے باعث ملک بھر میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں