کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹروں نے عدالتی احکامات کو ہوا میں اڑا دیا اور ایک بار پھر اپنے فرائض چھوڑ کر دھرنا دے دیا۔
بلوچستان ہائیکورٹ کے واضح احکامات کے باوجود پیرا میڈیکس اسٹاف اور ینگ ڈاکٹرز نے اپنے فرائض کو نظر انداز کرکے فیاض سنبل چوک پر احتجاجی دھرنا دیا ہوا ہے جس کی وجہ سے ہونے والے ٹریفک جام سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
صوبے کے اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے باعث مریض رُل کررہ گئے ہیں، ڈاکٹرز نہ ہونے کے سبب مریض سخت تکلیف اور پریشانی میں مبتلا ہیں۔
صوبائی حکومت بے بس
دوسری جانب صوبائی حکومت ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی ہٹ دھرمی کے سامنے بے بس ہے، ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر مواصلات سردار عبدالرحمان کھیتران کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر مسیحا ہیں، او پی ڈی کا بائیکاٹ غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کے قائل ہیں البتہ اگر ڈاکٹروں کی جانب سے ہڑتال ایسے معاملات پر ہے جو ان کے اختیار یا دائرہ کار سے تجاوز کرتے ہیں تو خوامخواہ تکلیف دینے کا جواب تکلیف سے دیں گے، بلوچستان ہائیکورٹ نے بھی ڈاکٹروں کو احتجاج کرنے سے منع کیا ہے، اگر عدالت سے احکامات ملے تو حکومت کارروائی کرے گی۔