پشاور: وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہاہے کہ نسلہ ٹاور کے معاملے میں قانون کی نہیں انسانی ہمدردی کی ضرورت ہے اور کنسٹرکشن میں کہیں نہ کہیں خلاف ورزی ہوجاتی ہے اس لیے سندھ حکومت چاہتی ہے کہ سرکاری زمین پر بنے گھروں کو ریگولر کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نےکہا کہ پنجاب حکومت 6 ہزار سے زیادہ غیرقانونی سوسائٹیز کو ریگولر کرنے کے لیے آرڈیننس لا رہی ہے لہٰذا سندھ حکومت بھی چاہتی ہے کہ سرکاری زمین پربنے گھروں کو ریگولر کرنے کی اجازت ہونی چاہیے کیونکہ عمران خان کے بنی گالا کے گھر کو بھی ریگولر کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کنسٹرکشن میں کہیں نہ کہیں خلاف ورزی ہوجاتی ہے لیکن جہاں متاثرین کی تعداد لاکھوں میں ہو ان کے گھروں کو بچانا چاہیے اور نسلہ ٹاور میں معاملہ میں انسانی ہمدردی کی ضرورت ہے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ کراچی گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے لیکن اب امن و امان کی صورتحال بہتر ہے، 2002 سے 2018 تک کراچی میں پیپلز پارٹی اور مضبوط ہوگئی ہے، کراچی میں لوگ پیپلز پارٹی سے مطمئن ہیں۔