کراچی سے گرفتار اسٹریٹ کرمنلز نے ٹک ٹاکرز اور فوڈ ڈیلیوری بوائز کو منصوبہ بندی سے لوٹنے کا انکشاف کیا ہے۔
پولیس نے شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود سے 2 اسٹریٹ کرمنلز عبدالرحمان اور عباس کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا جنہوں نے دورانِ تفتیش بتایا کہ وہ پارکوں میں ٹک ٹاکرز کو لوٹتے تھے۔
ملزم عباس نے دوران تفتیش بتایا کہ ان کا ہدف ٹک ٹاکرز اور فوڈ ڈیلیوری بوائز ہوتے تھے کیونکہ ٹک ٹاکرز کے پاس مہنگے موبائل ہوتے تھے اور وہ لوٹ مار کے دوران کوئی مزاحمت بھی نہیں کرتے تھے۔
ملزمان کا کہنا تھا کہ جب ٹک ٹاکرز پارکوں میں ویڈیو بنانے آتے تو وہ انہیں اسلحہ کے زور پر لوٹ کر فرار ہوجاتے تھے۔
‘فوڈ ڈیلیوری بوائز کو لوٹنے کیلئے کسی سنسان جگہ آرڈر دیتے’
ملزمان نے بتایا کہ فوڈ ڈیلیوری بوائز کو لوٹنے کے لیے کسی سنسان جگہ آرڈر دیتے اور ڈیلیوری بوائے جیسے ہی آتا لوٹ لیتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے صرف ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 100 سے زائد وارداتیں کی ہیں اور وہ چھینی گئی موٹر سائیکلیں عزیز نامی شخص کو 10 ہزار میں فروخت کرتے تھے۔