بالی وڈ اداکارہ کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل کی شادی کی خبریں زبان زدِ عام ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کترینہ اور وکی کی شادی 7 سے 9 دسمبر کے دوران راجستھان کے قدیم قلعے میں انجام پائے گی جس کیلئے مہمانوں کی لسٹ بنالی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پہلے یہ خیال کیا جارہا تھا کہ کورونا کے نئے ویرینٹ کے پیشِ نظر شادی میں کم مہمانوں کو بلایا جائے گا تا ہم رپورٹس کے مطابق کترینہ اور وکی کے قریبی رشے داروں، دوستوں سمیت بالی وڈ کی کئی مشہور شخصیات کو شادی کا دعوت نامہ بھیجا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق ڈائریکٹر کرن جوہر ، اداکار سلمان خان ، اداکارہ عالیہ بھٹ کو پہلے ہی شادی کا دعوت نامہ بھجوادیا گیا ہے جبکہ کوریوگرافر بوسکو مارٹن بھی مہمانوں کی لسٹ میں شامل ہیں۔
تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ بالی وڈ کے یہ ستارے کترینہ اور وکی کی شادی میں شرکت کریں گے یا نہیں لیکن چونکہ بوسکو کترینہ کے اچھے دوست ہیں اس لیے امکان ہے کہ وہ اس شادی میں شامل ہوں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرن جوہر بھی ممکنہ طور پر شادی میں شریک ہوں البتہ سلمان خان مصروف شیڈول کے باعث وکی اور کترینہ کی شادی میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ کترینہ اور وکی کی جانب سےاب تک شادی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔