آئی پی ایل میں غیر معروف کھلاڑی کتنے پیسے لے رہے ہیں؟ جان کر حیران رہ جائیں گے

انڈین پریمیئر لیگ( آئی پی ایل ) کے اگلے سیزن کے کیلئے ‘ریٹنشن پالیسی’ کےتحت فرنچائزز نے 27 کھلاڑیوں کوبرقرار رکھا جس کے بعد کئی کھلاڑیوں کے معاوضے میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔

فرنچائزز بھارتی کرکٹ ٹیم کے نامور کھلاڑیوں جیسے کوہلی ، دھونی ، روہت کو اپنی ٹیم میں برقرار رکھنے کیلئے کروڑوں روپے دیتی ہی ہیں۔

تاہم اس سال کچھ ایسے غیر معروف کھلاڑیوں کو بھی آئی پی فرنچائزز نے اپنی ٹیم میں برقرار رکھنے کیلئے ان کی تنخواہوں میں حیران کن اضافہ کردیا ہے۔

آئی پی ایل میں غیر معروف کھلاڑی کتنے پیسے لے رہے ہیں؟ جان کر حیران رہ جائیں گے
آئی پی ایل میں غیر معروف کھلاڑی کتنے پیسے لے رہے ہیں؟ جان کر حیران رہ جائیں گے
وین کٹیش(کولکتہ نائٹ رائیڈرز)

حال ہی میں بھارتی کرکٹ ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے آل راؤنڈر وین کٹیش راجاسیکرن ائیر کو 2021 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 20 لاکھ بھارتی روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا ۔

تاہم آئی پی ایل کے اگلے سیزن 2022 کے لیے کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے وین کٹیش کو حیران کن طور پر 8 کروڑ بھارتی روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

روتو راج گیکواڈ (چنئی سپر کنگز)

اسی طرح 2021 میں چنئی سپر کنگز نے بیٹر روتو راج گیکواڈ کو 20 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا تاہم اگلے سیزن کیلئے چنئی سپر کنگز روتو راج کو 6 کروڑ بھارتی روپے دے گی۔

اُمران ملک اور عبدالصمد(سن رائزز حیدرآباد)

اس کے علاوہ جموں و کشمیر کے فاسٹ بولر اُمران ملک اور بیٹر عبدالصمد جنھیں 2021 میں سن رائزز حیدرآباد نے 20،20 لاکھ بھارتی روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا ،دونوں کو آئی پی ایل 2022 میں سن رائزز حیدرآباد نے ٹیم میں برقرار رکھتے ہوئے 4،4 کروڑ بھارتی روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

عرش دیپ سنگھ(پنجاب کنگز)

اس کے علاوہ نوجوان بولر عرش دیپ سنگھ جنھیں 2021 میں پنجاب کنگز نے 20 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا وہی ٹیم اب انہیں 2022 میں 4 کروڑ روپے دے گی۔

واضح رہے کہ اُمران ،عبدالصمد اور عرش دیپ نے اب تک بھارت کی طرف سے انٹرنیشنل ڈیبیو نہیں کیا ہے اور ان کا آئی پی ایل کا کیر یئر بھی مختصر ہے لیکن پھر بھی فرنچائزز نے ان کھلاڑیوں کو برقرار رکھتے ہوئے ان کو کروڑوں روپے کا معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ جو کھلاڑی ریٹنشن پالیسی کے تحت اپنی فرنچائزز میں برقرار رہتے ہیں ان کا نام آئی پی ایل میں کھلاڑیوں کی بولی میں شامل نہیں کیا جاتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں