ہائیکورٹ نےلاہور میں ائیرکوالٹی کی بہتری کیلئے لاک ڈاؤن کا عندیہ دے دیا

لاہور ہائی کورٹ نے عندیہ دیا ہےکہ اگرکچھ دن میں ائیرکوالٹی بہتر نہ ہوئی تو لاہور میں ایک ہفتے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کیا جاسکتا ہے۔

لاہور میں بڑھتی ہوئی آلودگی اور اسموگ کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

جسٹس شاہدکریم نے کہا کہ تیاری کر لیں، ہو سکتا ہےکہ ائیرکوالٹی کی بہتری کے لیے لاک ڈاؤن کرنا پڑے، تمام متعلقہ محکمے اجلاس کریں اور ماحولیاتی ایمرجنسی لگانے پر غور کریں۔

جسٹس شاہد کریم نے پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سے کہا کہ اس معاملے میں ایکسپرٹ کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت ہے جو رپورٹ مرتب کر کے حل تجویز کرے۔

پی ڈی ایم اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر امیر اللہ ملک نے عدالت کو بتایا کہ پیر کی چُھٹی کی وجہ سے ائیر کوالٹی انڈیکس 400 رہا ورنہ یہ 600 ہو جاتا، اتوار تک ائیر کوالٹی انڈیکس 200 سے نیچے آجائےگا۔

میئر لاہور مبشر جاوید نے عدالت کو بتایا کہ اسٹیل انڈسٹری میں ٹائر جلائے جاتے ہیں، جسٹس شاہدکریم نےکہا جہاں ٹائر جلتے ہیں، اس کی فوری شکایت واٹرکمیشن کو کریں۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ ٹریفک اور ماحولیاتی آلودگی کو رپورٹ کرنے کے لیے ایپلیکیشن بنا دی ہے،جسٹس شاہدکریم نےکہا کہ اس ایپلیکشن کی تشہیرکریں۔ عدالت نے درخواستوں پر سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے امیر اللہ ملک کا کہنا تھا کہ اسموگ میں کمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

خیال رہےکہ پنجاب آج بھی فضائی آلودگی اور اسموگ کی لپیٹ میں رہا، فضائی آلودگی میں فیصل آباد نے لاہور کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ، شہریوں میں کھانسی اور گلے میں تکلیف کی شکایات بھی بڑھ گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں