ملک میں رواں ہفتے گھی، دالیں اور چائے کی پتی سمیت 21 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق رواں ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.48 فیصد کمی واقع ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی مجموعی شرح 18.35 فیصد رہی تاہم کم آمدنی والے طبقے کے لیے یہ شرح 19.12 فیصد رہی، 21 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 11 میں کمی ہوئی اور 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران گھی 5 روپے 62 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جس کے بعد گھی کی اوسط قیمت 396 روپے 66 پیسے فی کلو ہو گئی ہے جبکہ دال مونگ 3 روپے 41 پیسے، دال مسور 4 روپے 77 پیسے اور دال چنا 91 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔
حالیہ ہفتے کے دوران 190 گرام چائے کی قیمت میں ایک روپیہ 22 پیسے اضافہ ہوا جبکہ آگ جلانے والی لکڑی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد فی من لکڑی کی قیمت 773 روپے 77 پیسے پر پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ دودھ، دہی، مٹن، پلین بریڈ اور چاول بھی مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ زندہ مرغی اوسطاً 19 روپے 40 پیسے سستی ہوئی جس کے بعد مرغی کی اوسط قیمت 233 روپے 32 پیسے ہو گئی ہے۔
چینی مزید ایک روپے 42 پیسے کمی کے بعد 92 روپے 34 پیسے فی کلو پر آ گئی ہے جبکہ ٹماٹر 19 روپے 53 پیسے فی کلو سستے ہوئے، آٹے کے 20 کلو والے تھیلے کی قیمت میں بھی 6 روپے 84 پیسے کمی آئی، ایل پی جی کا گھریلو سلینڈر بھی 60 روپے 21 پیسے سستا ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران انڈے، لہسن، سرخ مرچ کی قیمتوں میں بھی کمی آئی جب کہ 19 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی ردو بدل نہیں ہوا۔