نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے وکٹ کیپنگ کوچ عتیق الزمان مستعفی

نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے وکٹ کیپنگ کوچ عتیق الزمان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ عتیق الزمان فیملی وجوہات کی بنیاد پر مستعفی ہوئے ہیں جبکہ پی سی بی نے ان کا استعفیٰ قبول کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عتیق الزمان آئندہ چند روز میں انگلینڈ روانہ ہو جائیں گے ،ان کی فیملی انگلینڈ میں ہی رہائش پزیر ہے۔

عتیق الزمان کے مستعفی ہونے اور نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں وسیع تبدیلیوں کے حوالے سے چند روز قبل جیو نیوز نے رپورٹ نشر کی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عتیق الزمان نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے مطمئن نہیں تھے اس کا ذکر انہوں نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے ڈائریکٹر ندیم خان سے بھی کیا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کام سے مطمئن نہیں اس لیے ان کا استعفیٰ کیا گیا ہے اور عتیق الزمان کے تحفظات کو اہمیت نہیں دی گئی۔

عتیق الزمان سے قبل انگلینڈ سے آنے والے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے بولنگ کوچ اور سابق فاسٹ بولر محمد زاہد مستعفی ہو کر واپس انگلینڈ جا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا بھی تعلق انگلینڈ سے تھا وہ بھی مستعفی ہو کر انگلینڈ واپس چلے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے ڈائریکٹر ندیم خان کے بھی ستارے گردش میں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں ان کے بھی دستبردار ہونے کا امکان ہے جبکہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر اور ڈومیسٹک کرکٹ کو الگ کیے جانے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں