کراچی میں سرسید یونیورسٹی کے قریب پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک اور دو فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق گلشن اقبال میں سرسید یونیورسٹی کے قریب ایک موٹرسائیکل پر سوار 3 ڈاکوؤں نے مکینک کی دکان پرلوٹ مار کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کرکے 2 شہریوں کو زخمی کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان سرسید یونیورسٹی روڈ سے فرار ہورہے تھے کہ اہلکاروں سے مقابلہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا، اسی دوران کورنگی انڈسٹریل ایریا گودام چورنگی سے پولیس نے ایک ڈاکو کوگرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ جاوید پرالزام ہے کہ اس نے نجی چینل کے چیف اکاؤنٹنٹ کو ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور 2 موٹرسائیکل ملی ہیں۔
ادھر راشد منہاس روڈ پر لال فلیٹ کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 31 سالہ عبدالستار زخمی ہوگیا۔