مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔
گزشتہ روز جنید صفدر کی شادی کی دو الگ الگ تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر سامنے آئیں جس میں جنید صفدر، دلہن عائشہ سیف، مریم نواز، ان کی صاحبزادیاں اور دیگر رشتے دار دکھائی دیے۔
پہلی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز
جنید صفدر نے اس تقریب میں سفید شلوار قمیض زیب تن کیا اور اس کے اوپر نیلی واسکٹ اور سفید چادر کا انتخاب کیا۔ دلہن عائشہ سیف نے اس تقریب میں پیسٹل رنگ کا جوڑا پہنا جب کہ مریم نواز نے پیلا رنگ زیب تن کیا۔
صارفین کے مطابق یہ تقریب مایوں کی تھی تاہم مریم نواز یا اہلخانہ کی جانب سے واضح نہیں کیا گیا کہ آیا یہ مایوں کی ہی تقریب تھی یا کوئی دوسری تقریب تھی۔
اسی تقریب میں مریم نواز کے روایتی گیت کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی جو سوشل میڈیا صارفین میں بے حد مقبول ہوئی۔
جنید اور عائشہ کی دوسری تقریب
ایک اور تقریب کی بھی کچھ ویڈیوز منظرِ عام پر آئیں، کسی میں دلہن عائشہ سیف کو پھولوں سے مزین خوبصورت چادر میں آتے دیکھا گیا تو کسی میں مریم نواز اپنے شوہر کیپٹن (ر) صفدر اور اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے ہمراہ دکھائی دیں۔
اس تقریب کے لباس کی بات کی جائے تو جنید صفدر نے سفید شلوار قمیض پر بھورے رنگ کی چادر اوڑھی، مریم نواز اس موقع پر پستہ رنگ کے لباس میں دکھائی دیں جس پر شیشے کا خوبصورت کام کیا گیا تھا۔
مریم نواز نے بیٹے کی شادی کی تقریب کی تصاویر شیئر کیں جسے انہوں نے اپنی زندگی کے خوشگوار ترین لمحات قرار دیا۔
واضح رہے کہ جنید صفدر کا نکاح عائشہ سیف سے رواں برس اگست میں لندن میں ہوا تھا جب کہ ولیمہ کی تقریب 17 دسمبر کو ہوگی۔