ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
عامر خان کا کہنا ہے کہ جس نے ہماری جماعت میں پاکستان مخالف نعرہ لگایا ہم نے اسے باہر نکال دیا، وزیراعلیٰ سندھ بتائیں ان کے متنازع بیان کے پیچھے کیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری بہت جلدی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے، بلاول کے اندر کی نفرت اور بغض سامنے آگیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کا کہنا تھا کہ سندھ کے وزیراعلیٰ نے اقلیت اور اکثریت کا طعنہ دیا ، آپ ظلم اور ناانصافی کو چھپانے کے لیے سندھ کارڈ استعمال کر رہے ہیں، نفرتوں کے بیج آپ کے بڑوں نے بوئے تھے۔
عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ دیہی اور شہری کی تفریق بلاول کے نانا نے پیدا کی تھی، یونین کونسلز کو اختیارات نہ ملنے تک پاکستان کا آئین مکمل نہیں ہے۔