حکومتی اعلانات دھرے رہ گئے، ایک وقت کا کھانا پکانے کیلئے بھی گیس دستیاب نہیں

شہریوں کو ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانے کے وقت دن بھر میں 3 بار گیس کی فراہمی کا حکومتی اعلان صرف اعلان ہی رہ گیا۔

جنرل انڈسٹریز کو گیس بند کرنے کے باوجود سوئی گیس فراہم کرنے والی کمپنیاں ملک بھر میں گیس کی قلت ختم نہ کر سکیں۔

کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کے شہر یوں کا کہنا ہے کہ دن میں 3 وقت تو کیا ایک دفعہ بھی پوری طرح گیس دستیاب نہیں ہوتی۔

دوسری جانب جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا کا کہنا تھا کہ آج سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا کہ مکمل انڈسٹری کی گیس بند کر دی گئی ہو ۔

زبیر موتی والا کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایکسپورٹ اور نان ایکسپورٹ دونوں صنعتوں کو گیس نہیں مل رہی، اگر حکومت پوری ایل این جی منگوا لیتی تو یہ بحران نہ دیکھنا پڑتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں