وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کو مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کے ملبوسات پر طنزیہ ٹوئٹ کرنا مہنگا پڑ گیا۔
شہباز گل نے مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی بارات پر مریم اورنگزیب کے پہنے جانے والے لباس پر تبصرہ کیا۔
انہوں نے مریم اورنگزیب اور مریم نواز کے ایک جیسے کپڑوں کی تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کیں اور مریم نواز سے متعلق لکھا کہ خود تو ہندوستانی اور پاکستانی مہنگے درزیوں سے تیار شدہ کروڑوں کے جوڑے اور ہماری بہن مریم اورنگزیب کے لیے پرانے کپڑے؟
شہباز گل نے مزید لکھا کہ اِن کے ساتھ یہ سلوک بالکل درست نہیں ہے۔
معاون خصوصی کی اس ٹوئٹ کے فوری بعد سوشل میڈیا پر پاکستانیوں نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔ کسی نے شہباز گل کو غیر تعلیم یافتہ کہا تو کسی نے کچھ روز قبل ہونے والے واقعے میں خاتون کی جانب سے شہباز گل سے ڈگری وصول نہ کرنے کے فیصلے کو درست قرار دیا۔
عوام کی توپوں کا رخ اپنی جانب دیکھ کر شہباز گل کو اپنا ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ جنید صفدر کا ولیمہ گزشتہ روز جاتی امرا میں ہوا، شادی کی تمام تقریبات میں مریم نواز کے انداز اور لباس کے خوب چرچے رہے۔