منڈی بہاءالدین کے علاقے ٹاہلی اڈا میں بس بے قابو ہو کر شہریوں پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں حادثے میں 8 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ گہری دھند اور بس ڈرائیور کی غلطی کی وجہ سے پیش آیا، حادثے کا شکار ہونے والے افراد مہندی کی تقریب میں شرکت کے لیے جمع ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں تین مزید افراد علاج کے دوران انتقال کر گئے۔
حادثے کے بعد بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے منڈی بہاءالدین میں بس حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔