خیبرپختونخوا: بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کو کئی مقامات پر اپ سیٹ شکست

خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت پی ٹی آئی کو کئی مقامات پر اپ سیٹ شکست ہوئی ہے۔

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں تحریک انصاف کو نہ صرف کئی علاقوں میں اپ سیٹ شکست ہوئی بلکہ حریف جماعت جے یو آئی ف اس سے آگے بھی نکل گئی۔

چار شہروں میں میئر کا الیکشن ہو رہا ہے جن میں سے مردان میں اے این پی اور کوہاٹ میں جے یو آئی (ف) کے امیدواروں نے میدان مارلیا ہے جب کہ دیگر دو شہروں میں بھی پی ٹی آئی پیچھے ہے۔

64 میں سے 19 تحصیلوں میں بھی جے یو آئی آگے ہے، پی ٹی آئی 15 تحصیلوں میں اور آزاد امیدوار 12 تحصیلوں میں آگے ہیں، عوامی نیشنل پارٹی بھی 8 تحصیلوں میں برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔

جماعت اسلامی تین، تحریک اصلاح پاکستان اور مسلم لیگ ن دو دو تحصیلوں میں سبقت حاصل کیے ہوئے ہیں، پیپلز پارٹی ایک تحصیل میں آگے ہے۔

بونیر کی 6 میں سے چار تحصیلوں میں پی ٹی آئی کامیاب

ضلع بونیر کی 6 میں سے 4 تحصیلوں میں تحریک انصاف نے کامیابی حاصل کر لی ہے، ان میں چغرزئی، ڈگر، گدیزئی اور گاگرا شامل ہیں جب کہ دو تحصیلوں کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں، ان میں سے تحصیل خدوخیل میں 93 فیصد نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے محمد افسر آگے ہیں جب کہ ضلع بونیر کی تحصیل طوطالئی مندن میں اے این پی آگے ہے۔

ضلع صوابی کی تحصیل صوابی میں پی ٹی آئی کے عطا اللہ خان 29 ہزار 363 ووٹ لے کر جیت گئے ہیں، ان کے مقابلے میں اے این پی کے محمد اکمل خان 21 ہزار 50 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔

ضلع صوابی کی تحصیل لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے عادل خان آگے ہیں جب کہ صوابی کی تحصیل ٹوپی میں جے یو آئی کے محمد رحیم آگے ہیں، ضلع کرک کی تحصیل بانڈہ داود شاہ میں پی ٹی آئی آگے ہے، ضلع کرک کی تحصیل کرک میں اے این پی کے عبدالرحمان پہلے اور پی ٹی آئی کے عظمت اللہ خان دوسرے پر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں