نکاح سے قبل جہیز میں لاکھوں روپے کے مطالبے پر سسرالیوں نے دلہے کی پٹائی کردی

سوشل میڈیا پر ایک چونکا دینے والی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک دلہے کو اپنی ہی شادی میں مارا پیٹاجا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جمعے کو ریاست اتر پردیش کے علاقے غازی آباد کے ایک شادی ہال میں پیش آیا جہاں دلہے کے گھر والوں کی جانب سے نکاح سے قبل جہیز کی مد میں لاکھوں روپے کا مطالبہ کیا گیا جس پر پر دلہن کے گھر والوں نے دلہے کی پٹائی کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نکاح کی تقریب سے عین قبل دلہے کے والد نے مبینہ طور پر 10 لاکھ بھارتی روپے(23 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) کا مطالبہ کیا اور دھمکی دی کہ اگر مطالبہ پورا نہ ہوا تو وہ بارات واپس لے جائیں گے ۔

رپورٹس کے مطابق دلہن کے اہل خانہ پہلے ہی 3 لاکھ بھارتی روپے نقد اور ایک لاکھ روپے کی ہیرے کی انگوٹھی دے چکے تھے لیکن دلہا کے گھر والے پھر بھی مطمئن نہیں تھے۔

دلہن کے گھر والوں نے دلہے کے گھر والوں کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں مانے جس پر دلہن کے اہل خانہ اور مہمانوں کو غصہ آگیا اور انہوں نے دلہا کو مارا پیٹنا شروع کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دلہن کے اہل خانہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس شخص کی پہلے بھی 2،3 بار شادی ہوچکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں