یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ شاہ رخ خان کی2007 کی کامیاب فلم ‘چک دے انڈیا’ میں اداکاری کرنے کیلئے پہلے سلمان خان کو پیشکش ہوئی تھی ، تاہم انہوں نے اس فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے اپنے ایک پرانے انٹرویو میں چک دے انڈیا میں اداکاری نہ کرنے کی وجہ بتائی تھی۔
سلمان خان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے فلم نہ کرنے کا افسوس نہیں ہے لیکن میں اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ اس کے بارے میں میرا فیصلہ غلط تھا’۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے چک دے انڈیا میں اداکاری نہ کرنے کی2 وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے فلم کے اختتامی سینز سے اختلاف تھا کہ اگر آپ شروعات میں پاکستان سے ہارتے ہیں تو آپ کو آخر میں پاکستان سے ہی جیتنا بھی چاہیے۔
اس کے علاوہ بالی وڈ کے دبنگ خان کا کہنا تھا کہ مجھے فلم کے ٹائٹل(چک دے انڈیا) سے بھی مسئلہ تھا ، میرا خیال تھا کہ پروڈیوسرز اس میں انڈیا کا لفظ شامل نہ کرتے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے کہا کہ میں نے محسوس کیا کہ اس ٹائٹل سے پاکستان اور بنگلادیش میں ہمارے مداحوں کو برا لگے گا۔
واضح رہے کہ چک دے انڈیا میں شاہ رخ خان نے ایک بھارتی ہاکی کھلاڑی اور پھر ویمنز ہاکی ٹیم کے کوچ کا کردار ادا کیا تھا جسے کافی پسند کیا گیا تھا اور فلم نے کئی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے تھے۔