قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کاکہنا ہےکہ شعیب ملک، وہاب ریاض اور حفیظ سے متعلق اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز دیے گئے انٹرویو میں چیف سلیکٹر محمد وسیم نے بتایا کہ شعیب ملک، وہاب ریاض اور محمد حفیظ سے متعلق جب بھی کوئی فیصلہ کیا جائے گا تو کھلاڑیوں کو بتاکر کیا جائے گا۔
محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ہماری ٹی 20 ٹیم بہتر ہے جب کہ ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کو بہتر کرنا ہے ، بیٹنگ اور فاسٹ بولنگ کا شعبہ اطمینان بخش ہے مگر اسپن ڈپارٹمنٹ پر کام کرنا ہے جس کے لیے ہمیں کوالٹی اسپنرز کی تلاش ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کررہے ہیں کہ اے ٹیم کے دوروں کی تعداد بڑھائی جائے۔
محمد وسیم نےامید ظاہر کی کہ نئے سال میں بھی پاکستان ٹیم اچھی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھے گی جب کہ اگلے ٹی 20 ورلڈکپ میں آسٹریلیا کی کنڈیشن اور ضرورت کےمطابق فیصلہ کیے جائیں گے۔