قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 2021 کے اختتام پر قومی ٹیم کی کارکردگی سمیت بھارت کے خلاف جیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
یوٹیوب پر جاری پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے پوڈکاسٹ ایپی سوڈ میں بابراعظم نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
قومی کپتان نے کہا کہ اہم یہ نہیں کہ آپ آغاز کیسے کرتے ہیں بلکہ اہمیت یہ رکھتا ہے کہ آپ سال کا اختتام کیسے کرتے ہیں جس طرح ہم نے سال کا اختتام کیا وہ سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان سے اس برس کا یادگار لمحہ پوچھا جائے تو وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا پہلا میچ تھا جسے بیان ہی نہیں کیا جاسکتا، اس وقت یہی سوچ کر میدان میں اترے تھے کہ ماضی کے ریکارڈز کو بھول کر حال پر فوکس کرنا ہے۔
قومی کپتان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس سے پہلے تک بھارت کے خلاف کوئی جیت ریکارڈ نہیں کروائی تھی لیکن اللہ نے اسے تبدیل کرنے میں ہماری مدد کی ، یہ ٹیم کی محنت تھی ، ہم پر امید تھے لیکن اوور کانفیڈنٹ نہیں تھے۔
بابراعظم نے مزید کہا کہ ہماری کوشش تھی ہر میچ میں مختلف پرفارمنس دیں اور یہی وجہ تھی ہر جیت پر مختلف مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہم سیمی فائنل تک پہنچ کر ہار گئے لیکن ہم نے اس سے بھی سیکھا کہ ہماری غلطی کیا تھی اور ہم کیسے اچھا کرسکتے ہیں۔