برطانوی شاہی خاندان کی بہو ڈچس آف سسیکس میگھن مارکل کو برطانوی اخبار میل آن سنڈے کے خلاف پرائیویسی کے حق کا مقدمہ جیتنے پر ایک پاؤنڈ کا زرتلافی ملے گا۔
برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے مطابق برائے نام رقم عدالتی دستاویزات میں مقرر کی گئی تھی جس سے باضابطہ طور پر تصدیق ہوگئی ہے کہ اخبار نے شکست قبول کرلی ہے جس کے بعد برطانوی اخبار میگھن کو 1 پاؤنڈ کا ہرجانہ ادا کرے گا۔
اس کے علاوہ میڈیا کمپنی میگھن مارکل کو کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کے ایک الگ کیس کے لیے ایک غیر متعین رقم بھی ادا کرے گی۔
مذکورہ اخبارکمپنی نے پہلے اشارہ دیا تھا کہ وہ سپریم کورٹ میں مزید اپیل پر غور کر رہی ہے لیکن کمپنی نے اب طویل عرصے سے جاری کیس میں شکست قبول کر لی ہے۔
معاملہ کیا تھا؟
برطانوی اخبار میل آن سنڈے نے 2018 میں میگھن کی جانب سے اپنے والد کو لکھا گیا خط بلا اجازت شائع کیا تھا جس کے بعد میگھن نے عدالت جانے کا فیصلہ کیا تھا۔
گزشتہ سال فروری میں برطانوی ہائی کورٹ نے پرائیویسی اور کاپی رائٹ کے معاملے پر اخبارگروپ کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ اس کیس کے معاملات اتنے واضح ہیں کہ مکمل سماعت کی ضرورت نہیں ہے۔
اس کے بعد تقریباً 3 سال کے بعد لندن کی کورٹ آف اپیل نے بھی دسمبر 2021 کو ان کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔